روزہ برباد ہونے سے بچاؤ

روزہ برباد ہونے سے بچاؤ

میٹھے میٹھے اسلامی بھایؤ!آج کل اسلامی معلومات سے اکثر مسلمان بِالکل
کورے ہوتے چلے جارہے ہیں۔اور ایسی ایسی غَلطیاں کرتے ہیں کہ بعض اوقات عِبادَت ہی ضائِع ہوجاتی ہے۔ افسوس! کہ اب تمام تر توجُّہ صِرف اور صِرف دُنیَوی عُلُوم و فُنُون کے حُصُول پر ہی ہے۔آہ ! اب سنّتیں سیکھنے کیلئے، عِبادات کے اَحکامات کی معلومات حاصِل کرنے کیلئے ہماری اکثریت کو فُرصَت ہے نہ شوق ۔ بلکہ اگر کوئی دَرد مَنداِسلامی بھائی سمجھا نے کی کوشِش کرے بھی تَو ناگوار گُزرتا ہے ۔ عِبادات میں اِس قَدَر غَلَط باتیں خَل:ط مَل:ط ہوگئی ہیں کہ پناہِ خُداعزوجل! اِنہِیں میں سے سَحَری اور اِفْطار بھی ہے۔اِن کے بارے میں بھی بعض لوگ طرح طرح کی باتیں بتاتے ہیں اور پھر اُس پر ضِد بھی کرتے ہیں ۔ مَثَلاً سَحَری کے آخِری وَقت کے بارے میں بَعض لوگ کہہ دیتے ہیں ،”جب تک صُبح کا اِتنا اُجالا پھیل جائے کہ چِیُونٹِیاں نظرآنے لگیں اُس وَقْت تک سَحَری کا وَقْت باقی رہتا ہے۔”!!!اِسی طرح کچھ لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ جب تک فَجْر کی اذان کی آواز آتی رہے سَحَری کھانے پینے میں مُضایقَہ نہیں اور جہاں کئی کئی اذانوں کی آواز یں آتی ہیں وہاں آخِری اذان کی آواز خَتْم ہونے تک کھاتے پیتے رہتے رہیں۔ عَجَب تماشہ ہے! ذرا سوچئے تَو سہی !اگر آپ ایسی جگہ ہوں جہاں اذان کی آواز ہی نہ آئے تَو اب کیا کریں گے؟ اللہ عزوجل کی عِبادَت کا ذَوق رکھنے والو! اپنی عِبادَت کو چند
منٹوں کی غَفلت کے سَبَب برباد مت کیجئے۔سَحَری کے بَیان میں ص 165 پر بھی سورۃُ الْبَقَرہکی یہ آیت مُقَدَّسہ گُزری ،اِس کو پھر بَغور مُلاحَظَہ فرمائیے-:
ترجَمہ کنزالایمان:اور کھاؤ اورپیو یہاں تک کہ تمہارے لئے ظاہِر ہوجائے سَپَیدی کا ڈَورا سیاہی کے ڈَورے سے پَوپھٹ کر۔پھر رات آنے تک روزے پُورے کرو۔
     ظاہِرہے اِس آیَتِ مُقَدّسہ میں نہ چِیُوْنٹِیوں کا تذکِرہ ہے نہ اذانِ فَجر کا۔بلکہ صبحِ صادِق کا ذِکْر ہے۔لہٰذا اذان کا اِنتِظار نہ کیا کریں،مُعْتَبَر نَقْشہ نِظامُ الْاَوْقات (ٹائم ٹیبل)میں صُبحِ صادِق اور غُروبِ آفتاب کا وَقت دیکھ کر اُسی کے مُطابِق سَحَری و اِفطار کیجئے۔
اے ہمارے پیارے پیارے اللہ عزوجل ہمیں عَین شرِیعت وسُنّت کے مطابِق ماہِ رَمَضانُ المبارَک کا اِحتِرام کرنے،اِس میں روزے رکھنے ، تَروایح ادا کرنے ، تِلاوت کلامِ پاک اور نوافِل کی کثرت کرنے کی تَوفیق مَرحمت فرما۔اور ہماری عِبادَات قَبول فرما اور مَحض اپنے فضل وکرم سے ہماری مغفِر ت فرما۔
ٰامِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ ا لْاَمِیْن صلی اللہ تعالی علیہ والہ وسلم
Exit mobile version