یہی مائیں ہیں جن کی گود میں اسلام پلتا تھا
اسی غیرت سے انساں نور کے سانچے میں ڈھلتا تھا
جہاں تک مسائل اور اسلامی عادات و خصائل کا تعلق ہے اس کے بارے میں ہم ایک حد تک کافی لکھ چکے اب ہم مناسب سمجھتے ہیں کہ چند خواتین اسلام یعنی ان مقدس بیبیوں کا مختصر تذکرہ بھی تحریر کر دیں جو تاریخ اسلام میں صالحات (نیک بیبیوں) کے لقب سے مشہور ہیں تاکہ آج کل کی ماؤں بہنوں کو ان کے واقعات اور ان کی مقدس زندگی کے مبارک حالات سے عبرت و نصیحت حاصل ہواور یہ ان کے نقش قدم پر چل کر اپنی زندگی سنوار لیں اور دنیا و آخرت کی نیک نامیوں سے سرخرو و سر بلند ہو جائیں ان قابل احترام خواتین کی لذیذ حکایتوں کو ہم رسول اﷲصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلّم کی مقدس بیبیوں کے ذکر جمیل سے شروع کرتے ہیں جو تمام امت کی مائیں ہیں اور جن کو تمام دنیا کی عورتوں میں یہ خصوصی شرف ملا ہے کہ انہیں بستر نبوت پر سونا نصیب ہوا اور وہ دن رات محبوب خداصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلم كي محبت اور ان کی خدمت و صحبت کے انوار و برکات سے سرفراز ہوتی رہیں اور جن کی فضیلت و عظمت کا خطبہ پڑھتے ہوئے قرآن عظیم نے قیامت تک کے لئے یہ اعلان فرما دیا۔
یٰنِسَآءَ النَّبِیِّ لَسْتُنَّ کَاَ حَدٍ مِّنَ النِّسَآءِ۔
ترجمہ کنزالایمان: اے نبی کی بیبیو!تم اورعورتوں کی طرح نہیں ہو۔(پ22،الاحزاب:32)