خوشبو لگانے کی نیّتیں اور مواقع
فرمانِ مصطفےٰ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم : ”مسلمان کی نیّت اس کے عمل سے بہتر ہے۔ ”
(المعجم الکبیر ج۶ص۱۸۵ حدیث ۵۹۴۲)
خوشبو لگانے کی47نیتیں
(۱)سنّتِ مصطَفٰے صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہے اس لئے خوشبولگاؤں گا(۲) لگانے سے قبل بسم اللہ(۳) لگاتے ہوئے دُرُود شریف اور(۴) لگانے کے بعدادائے شکرِ نعمت کی نیّت سے اَلْحَمْدُ لِلّٰہِ رَبِّ الْعٰلَمِیْن کہوں گا(۵)ملائکہ اور (۶) مسلمانوں کو فرحت(خوشی) پہنچاؤں گا(۷) عقل بڑھے گی تواحکا مِ شرعی یاد کرنے اور سنّتیں سیکھنے پر قوّت حاصِل کروں گا(امام شافِعی علیہ رحمۃ اللہ الکافی فرماتے ہیں:عمدہ خوشبولگانے سے عقل بڑھتی ہے۔(ا حیاء العلوم ج۱ ، ص ۲۴۴)) (۸) لباس وغیرہ سے بدبودُور کرکے مسلمانوں کو غیبت کے گناہوں سے بچاؤں گا( کیونکہ کسی مسلمان کا لباس وغیرہ بدبودار ہوتو بلااجازت شرعی اس کے پیچھے سے مَثَلاً اس طرح سے کہنا کہ”اِس کے لباس یا ہاتھوں یا مُنہ سے بدبو آرہی تھی،” غیبت ہے) (۹) موقع کی مُناسَبَت سے یہ نیّتیں بھی کی جا سکتی ہیں مَثَلاً(۱۰) نَماز کیلئے زینت حاصِل کروں گا (۱۱) مسجِد(۱۲) نَمازِ تہجُّد (۱۳) جُمعہ (۱۴) پیرشریف(۱۵) رَمَضانُ المُبارَک(۱۶)عیدُالفطر(۱۷)عیدُ الاَضحی(۱۸) شبِ مِیلاد(۱۹) عیدِ مِیلادُ النَّبی صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم (۲۰)جُلوسِ میلاد (۲۱) شبِ مِعراجُ النّبی صلی اللہ تعالیٰ
علیہ واٰلہٖ وسلَّم(۲۲)شبِ بَرَاء ت (۲۳) گیارہویں شریف (۲۴)یومِ رضا (۲۵) درسِ قراٰن و (۲۶)حدیث (۲۷) تِلاوت(۲۸)اَورادووظائف(۲۹)دُرُود شریف(۳۰)دینی کتاب کا مُطالَعہ (۳۱)تدریسِ علمِ دین (۳۲) تعلیمِ علمِ دین(۳۳) فتویٰ نویسی(۳۴) دینی کُتُب کی تصنیف و تالیف (۳۵) سُنّتوں بھرے اجتِماع(۳۶) اجتِماعِ ذکرو نعت(۳۷) قراٰن خوانی(۳۸)درسِ فیضانِ سنّت(۳۹)عَلاقائی دورہ برائے نیکی کی دعوت(۴۰)سُنّتوں بھرا بیان کرتے وَقت (۴۱) عالم (۴۲) ماں (۴۳) باپ(۴۴) مومنِ صالح(۴۵)پیر صاحِب(۴۶) موئے مبارک کی زیارت اور(۴۷) مزار شریف کی حاضِری کے مواقع پر بھی تعظیم کی نیّت سے خوشبو لگائی جا سکتی ہے ۔ جتنی اچّھی اچّھی نیّتیں کریں گے اُتنا ہی زیادہ ثواب ملیگا۔ جبکہ نیّت کا موقع بھی ہو اور وہ نیّت شرعاً دُرُست بھی ہو۔زیادہ یاد نہ بھی رہیں تو کم از کم دو تین نیّتیں کر ہی لینی چائیں۔
اے ہمارے پیارے پیارے اللہ عزوجل آج تک ہم سے جتنی بار بھی مسجِد میں بد بُو لے جانے کا گناہ ہوا ہواُس سے توبہ کرتے ہیں اور یہ عزم کرتے ہیں کہ آئندہ کبھی بھی مسجِد میں کسی طرح کی بد بُو نہیں لے جائیں گے۔یاربِّ مصطَفٰے عزوجل و صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہمیں مساجد کو خوشبو دار رکھنے کی سعادت دے۔ یااللہ
عزوجل ہمیں ہر طرح کی ظاہِری باطِنی بد بوؤں سے پاک ہو کر مسجد میں حاضِری کی توفیق عطا فرما۔یااللہ عزوجل ہمارے خوشبودار سرکارصلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے صَدقے ہمیں گناہوں کی بد بوؤں سے نَجات دے اور خوشبوؤں سے مہکتی ہوئی جنَّتُ الفِردوس میں اپنے مُعَطّر مُعَطّر محبوب صلی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب فرما ۔
ٰامین بِجاہِ النَّبِیِّ الْاَمین صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
واللہ جومَل جائے مِرے گُل کا پسینہ
مانگے نہ کبھی عِطر نہ پھر چاہے دُلہن پھول
(حدائقِ بخشش شریف)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد