نعت شریف
(از: سید مخدوم شاہ خادمؔ کرناٹکی )
ہمارے رہبرِ کامل محمد مصطفی تم ہو
تم ہو خیر البشر اہلِ جہاں کے پیشوا تم ہو
جمال و حسن کی دنیا تمہاری والہ وشیدا
کہ روح آرزو تم ہو دوانِ مدعا تم ہو
وجود عالم ہستی میں پہلو روشنی تم سے
خدا ارض وسما کا نور ہے نورِ خدا تم ہو
منور رات دن تم سے کبھی شام وسحر روشن
تمہیں واللیل کی تفسیر شرحِ والضحی تم ہو
تمارے چاند سے مکھڑے پہ سورج رقص کرتا ہے
حسینانِ جہاں کی آرزو تم مدعا تم ہو
تمہیں آرامِ جاں تسکین قلبِ ناتواں تم سے
میری آنکھوں کی بینائی میرے دل کی ضیا تم ہو
زمیں والے ادھر خواہاں فلک والے ادھر شیدا
تمہیں چاہیں نہ سب کیونکر کہ مطلوب خدا تم ہو
حوادث کے تھپیڑوں نے بھنور میں لا کے ڈالا ہے
لگادو پار اب کشتی محمد ناخدا تم ہو
بجز حضرت نہیں کوئی ٹھکانہ دونوں عالم میں
میرے ملجا میرے موا محمد مصطفی تم ہو
میرے آقا کوئی خادمؔ کی بھی ہو التجا پوری
کہ اپنے خادموں کے ہر جگہ حاجت روا تم ہو