کھانا کھانے سے پہلے اور بعد میں دونوں ہاتھ گٹوں تک دھوئے صرف ایک ہاتھ یا فقط انگلیاں ہی نہ دھوئے کہ اس سے سنت ادا نہ ہوگی لیکن اس کا دھیان رہے کہ کھانے سے پہلے ہاتھ دھو کر پونچھنا نہ چاہے اور کھانے کے بعد ہاتھ دھو کر تولیا یا رومال سے پونچھ لینا چاہے تاکہ کھانے کا اثر باقی نہ رہے۔
(الفتاوٰی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب الحادی عشر فی الکراہیۃ۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۳۷)
بسم اﷲ پڑھ کر کھانا شروع کریں اور بلند آواز سے بسم اﷲ پڑھیں تاکہ دوسرے لوگوں کو بھی یاد آجائے اور سب بسم اﷲپڑھ لیں ۔
(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب الحادی عشر فی الکراہیۃفی الاکل وما یتصل بہ۔۔۔الخ،ج۵،ص۳۳۷)
اور اگر شروع میں بسم اﷲ پڑھنا بھول گیا ہو تو جب یاد آجائے یہ دعا پڑھے بِسْمِ اللہِ اَوَّلَہٗ وَ آخِرَہٗ
(جامع الترمذی، کتاب الاطعمۃ،باب ماجاء فی التسمیۃ۔۔۔الخ،رقم۱۸۶۵،ج۳،ص۳۳۹)
روٹی کے اوپر کوئی چیز نہ رکھی جائے اور ہاتھ کو روٹی سے نہ پونچھیں۔
(ردالمحتار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج۹،ص۵۶۲)
کھانا ہمیشہ داہنے ہاتھ سے کھائیں بائیں ہاتھ سے کھانا پینا شیطان کا کام ہے۔
(جامع الترمذی،کتاب الاطعمۃ،باب ماجاء فی النھی ۔۔۔الخ،رقم۱۸۰۶،ج۳،ص۳۱۳)
مسئلہ:۔کھانا کھاتے وقت بایاں پاؤں بچھا دے یا دہنا پاؤں کھڑا رکھے یا سرین پر بیٹھے اور دونوں گھٹنے کھڑے رکھے۔ (اشعۃ اللمعات،کتاب الاطعمۃ،فصل ۱،ج۳،ص۵۱۸) اور اگر بھاری بدن یا کمزور ہونے کی وجہ سے اس طرح نہ بیٹھ سکے تو پالتی مار کر کھانے میں بھی کوئی حرج نہیں ۔
کھانا کھانے کے درمیان میں کچھ باتیں بھی کرتا رہے بالکل چپ رہنا یہ مجوسیوں کا طریقہ ہے مگر کوئی بے ہودہ یا پھوہڑ بات ہر گز نہ بکے بلکہ اچھی اچھی باتیں کرتا رہے۔
(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب الثانی عشر فی الھدایا والضیافات،ج۵،ص۳۴۵)
کھانے کے بعد انگلیوں کو چاٹ لے اور برتن کو بھی انگلیوں سے پونچھ کر چاٹ لے۔
(الفتاوی الھندیۃ،کتاب الکراہیۃ،الباب الحادی عشر فی الکراہیۃ فی الاکل وما یتصل بہ،ج۵،ص۳۳۷)
کھانے کی ابتداء نمک سے کریں اور نمک ہی پر ختم کریں کہ اس میں بہت سی بیماریوں سے شفاء ہے ۔
(ردالمحتارعلی الدرالمختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج۹،ص۵۶۲)
نے کے بعد یہ دعا پڑھیں۔
اَلْحَمْدُلِلّٰہِ الَّذِیْ اَطْعَمَنَا وَسَقَانَا وَکَفَانَا وَجَعَلَنَا مِنَ الْمُسْلِمِیْنَ
کھانے کے بعد صابن لگا کر ہاتھ دھونے میں کوئی حرج نہیں کھانے سے قبل عوام اور جوانوں کے ہاتھ پہلے دھلائے جائیں اور کھانے کے بعد علماء و مشائخ اور بوڑھوں کے ہاتھ پہلے دھلائے جائیں کھانا کھا لینے کے بعد دستر خوان پر صاحب خانہ اور حاضرین کے لئے خیر و برکت کی دعا مانگنی بھی سنت ہے۔
(بہار شریعت،ج۳،ح۱۶،ص۱۸)
مسئلہ:۔پاؤں پھیلا کر اور لیٹ کر اور چلتے پھرتے کچھ کھانا پینا خلاف ادب اور طریقہ سنت کے خلاف ہے مسلمانوں کو ہر بات اور ہر کام میں اسلامی طریقوں کی پابندی اور
آداب سنت کی تابعداری کرنی چاہے۔
مسئلہ:۔چاندی سونے کے برتنوں میں کھانا پینا جائز نہیں بلکہ ان چیزوں کا کسی طرح سے استعمال کرنا درست نہیں جیسے سونے چاندی کا چمچہ استعمال کرنا یا اس کے بنے ہوئے خلال سے دانت صاف کرنا اسی طرح چاندی سونے کے بنے ہوئے گلاب پاش سے گلاب چھڑکنا یا خاصدان میں پان رکھنا یا چاندی کی سلائی سے سرمہ لگانا یا چاندی کی پیالی میں تیل رکھ کر تیل لگانا یہ سب حرام ہے ۔
(الدرالمختار،کتاب الحظر والاباحۃ،ج۹،ص۵۶۴)