سَحری کرنا سنّت ہے
اللہ عَزَّوَجَلَّ کے کروڑہا کروڑ اِحسان کہ اُس نے ہمیں روزہ جیسی عظیم الشّان نِعمت عطا فرمائی اور ساتھ ہی قُوَّت کیلئے سَحَری کی نہ صِرف اِجازت مَرحمت فرمائی،بلکہ اِس میں ہمارے لئے ڈھیروں ثواب بھی رکھ دیا۔
ہمارے پیارے آقا، مَدَنی مُصطَفٰے صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم اگر چِہ کھانے، پینے کے ہماری طرح محتاج نہیں ۔تَاہم ہمارے پیارے آقا صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم ہم غُلاموں کی خاطِر سَحَری فرمایا کرتے تاکہ مَحَبّت والے غُلام اپنے مُحسِن آقا ، شاہِ خَیرُ ا لْاَنام صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی سُنّت سمجھ کر سَحَری کرلیا کریں۔یُوں انہیں دِن کے وَقت روزہ میں قُوّت کے ساتھ ساتھ سُنّت پر عَمَل کرنے کا ثواب بھی ہاتھ آئے۔
بعض اِسلامی بھائیوں کو دیکھا گیا ہے کہ کبھی سَحَری کرنے سے رہ جاتے ہیں تَوفخریہ باتیں بناتے ہیں اور یوں کہتے سنائی دیتے ہیں،ہم نے تو سَحَری کے بِغیر ہی روزہ رکھ لیا ہے۔مکّی مَدَنی آقا صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے دِیوانو !سَحَریکے بِغیر روزہ رکھنا کوئی کمال تَونہیں جس پرفخرکیا جارہا ہے۔ بلکہ سَحَری کی سُنَّت چُھوٹنے پر نَدامت ہونی چاہئے،افسوس کرنا چاہئے کہ تاجدار رِسالت صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کی ایک عظیم سُنّت چُھوٹ گئی۔