جنت سجائی جاتی ہے
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو! رَمَضانُ الْمبارَک کے اِستِقبال کیلئے ساراسال جَنّت کو سجایا جاتا ہے ۔ چُنانچِہ حضرت سَیِدُنا عبدُاللہ ابنِ عُمَر رضی اللہ تعالیٰ عنہماسے روایت ہے کہ تاجدارِ مدینہ، سُرورِ قَلْب وسینہ ،فیض گنجینہ ، صاحِبِ مُعطَّر پسینہ صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمانِ عالیشان ہے ، ”بے شک جَنّت اِبتِدائی سال سے آئندہ سال تک رَمَضانُ الْمبارَک کے لئے سجائی جاتی ہے اور فرمایا رَمَضان شریف کے پہلے دِن جَنّت کے دَرَختوں کے نیچے سے بڑی بڑی آنکھوں والی حُوروں پر ہَوا چلتی ہے اور وہ عَرض کرتی ہیں ،”اے پروردگار !عَزَّوَجَلَّ اپنے بندوں میں سے ایسے بندوں کو ہمارا شوہر بنا جن کو دیکھ کر ہماری آنکھیں ٹھنڈی ہوں اور جب وہ ہمیں دیکھیں تو اُن کی آنکھیں بھی ٹھنڈی ہوں۔ (شُعَبُ الایمان ج۳ص۳۱۲حدیث۳۶۳۳)
صَلُّو ا عَلَی الْحَبِیب ! صلَّی اللہُ تعالٰی علٰی محمَّد
اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ جنَّت کی عظمت کی تو کیا ہی بات ہے! کاش! ہمیں بے حساب بخش دیا جائے اور جنّت الفردوس میں مدینے والے آقا مکّی مَدَنی مصطَفٰے صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا پڑوس نصیب ہو جائے۔ اَلْحَمْدُ لِلّٰہ عَزَّوَجَلَّ تبلیغِ قراٰن وسنّت کی عالمگیر غیر سیاسی تحریک ، دعوتِ اسلامی اہلِ حق کی مَدَنی تحریک ہے، دعوتِ اسلامی والوں پر کیسی کیسی کرم نوازیاں ہوتی ہیں اس کی ایک مَدَنی جھلک مُلاحَظہ فرمایئے: