اسم آلہ کا بیان

اسم آلہ کی تعریف:
     وہ اسم جو اس شے پر دلالت کرے جس کے ذریعے فعل واقع ہو ۔ جیسے مِفْعَلٌ (کرنے کا ایک آلہ )
اسم آلہ کی تین اقسام ہیں:
    (۱)۔۔۔۔۔۔ اسم آلہ صغرٰی : وہ جو کام کرنے کے چھوٹے آلے پر دلالت کرے۔ 
    (۲)۔۔۔۔۔۔ اسم آلہ وسطیٰ : وہ جو کام کرنے کے درمیانے آلے پر دلالت کرے۔
    (۳)۔۔۔۔۔۔ اسم آلہ کبریٰ: وہ جو کام کرنے کے بڑے آلے پر دلالت کرے۔
(۱)اسم آلہ صغرٰی بنانے کاطریقہ: 
     فعل مضارع سے علامت مضارع حذف کر کے اس کی جگہ علامتِ اسم آ لہ(میم مکسور)کا اضافہ کریں ، عین کلمہ کو فتحہ دیں اور آخر میں تنوین لگادیں ۔جیسے یَضْرِبُ سے مِضْرَبٌ (مارنے کا ایک چھوٹاآلہ)
(۲)اسم آلہ وسطیٰ بنانے کاطریقہ:
    اسم آلہ صغرٰی کے آخر میں فتحہ دیکر گول تاء(ۃ)بڑھادیں ۔ جیسے مِضْرَبٌ سے مِضْرَبَۃٌ  (مارنے کا ایک درمیانہ آلہ)
(۳)اسم آلہ کبرٰی بنانے کا طریقہ:
    اسم آلہ صغریٰ کے لام کلمہ سے قبل علامت اسم آلہ کبرٰی (الف)کااضافہ کریں ۔جیسے مِضْرَبٌ سےمِضْرَابٌ  (مارنے کا ایک بڑا آلہ ) 
فائدہ:
    (۱)۔۔۔۔۔۔اسم آلہ بنانے کے طریقوں سے ظاہر ہواکہ یہ تین اوزان پرآتاہے۔
    (۱)مِفْعَلٌ، (۲)مِفْعَلَۃٌ، اور(۳)مِفْعَالٌ۔
    (۲)۔۔۔۔۔۔لیکن کبھی اسم آلہ فَاعَلٌ کے وزن پر بھی آتاہے جیسے خَاتَمٌ (مہرلگانے کا آلہ) قَالَبٌ(ڈھالنے کا آلہ(سانچہ، ڈائی))
تنبیہ:
    (۱) ۔۔۔۔۔۔مذکورہ بالا طریقہ کے مطابق ثلاثی مجرد افعال سے اسم آلہ بنایاجاسکتاہے ۔
    (۲) ۔۔۔۔۔۔اگر غیرثلاثی مجرد فعل (ثلاثی مزیدفیہ، رباعی مجردومزیدفیہ)سے اسم آلہ کا معنی لینا مقصود ہو تواس فعل کے مصدر کو الف لام کے ساتھ مرفوع لاکراس سے پہلے ”مَا بِہٖ” کا اضافہ کریں گے ۔ جیسے مَابِہِ الْاِسْتِنْصَارُ  (مدد طلب کرنے کا آلہ )
    (۳)۔۔۔۔۔۔اسم آلہ میں بھی تذکیرو تانیث کاکوئی فرق نہیں ہوتا۔
Exit mobile version