تہنیت بحضور شیخ الاسلام الشاہ مفتی سید مدنی میاں اشرفی الجیلانی حفظہ اللہ تعالیٰ (مع ترمیم و اضافت)
اشرفیوں کے دل کی یہی ہے دعا یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
از طفیلِ نبی بہرِ غوث الوریٰ یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
ہر طرف اس کی خدمات کی دھوم ہو یعنی ہر طور اس ذات کی دھوم ہو
اور میری گدائی کا بھی ہو بھلا یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
فخرِ اجمیر ہے نورِ جیلاں ہے وہ فیض بخشیدۂ شاہِ سمناں ہے وہ
وہ ہے آئینۂ حسنِ غوث الوریٰ یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
وہ محدث بھی ہے وہ مفسر بھی ہے قائد و مصلحِ عصرِ حاضر بھی ہے
بالیقیں اہلِ سنت کا ہے پیشوا یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
ذاتِ پاک اس کی ہے علم کی کہکشاں اس کے اندر کمالات کا اک جہاں
چشتیوں کی وہ جاں اشرفی رہنما یا خدا میرا مدنی سلامت
مرشدِ حق نگر شیخ الاسلام ہے دونوں عالم میں اس کا بڑا نام ہے
ایک مرکز ہے وہ علم و عرفان کا یاخدا میرا مدنی سلامت رہے
پائی تقدیر نے اوج کی انتہا دامنِ ابنِ غوث الوریٰ مل گیا
اور میں نے یہ وردِ زباں کر لیا یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
نعرہ مدنی میاں کا لگاتے رہو دل میں شمعِ عقیدت جلائے رکھو
اور پڑھتے رہو تم یہ صبح و مسا یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
حق بیانی کا ضامن ہے جس کا قلم رہبر و رہنما جس کے نقشِ قدم
ظلمتوں میں ہے جو ایک شمعِ ہدیٰ یا خدا میرا مدنی سلامت رہے
فاضل میسوری