عکس کی تعریف:
عکس کا لغوی معنی اُلٹاکرناہے جبکہ اصطلاح میں اس سے مرادقضیہ کے صدق اور کیف (یعنی ایجاب وسلب) کو باقی رکھتے ہوئے طرفینِ قضیہ(موضوع ومحمول)کواس طرح پلٹ دینا کہ محمول کو موضوع اورموضوع کو محمول بنا دیا جائے۔جیسے: کُلُّ اِنْسَانٍ حَیَوَانٌ کی ترتیب بدل کر بَعْضُ الْحَیَوَانِ اِنْسَانٌ کردینا عکس ہے۔ اس مثال میں پہلا قضیہ اصل اور دوسرا معکوس ہے لیکن مناطقہ اسے عکس کا نام ہی دیتے ہیں،نیز عکس مستوی کا دوسرا نام عکس مستقیم ہے۔
فائدہ:
بقائے صدق سے مرادیہ ہے کہ اگر عکس سے پہلے قضیہ سچا تھا تواب بھی سچا رہے ، اگر پہلے جھوٹا تھا تواب بھی جھوٹا رہے اور بقائے کیف سے مراد یہ ہے کہ اگر پہلے سالبہ تھا تواب بھی سالبہ رہے، اگرپہلے موجبہ تھا تواب بھی موجبہ رہے۔
محصوراتِ اربعہ کا عکس مستوی
۱۔۔۔۔۔۔ موجبہ کلیہ کا عکس مستوی موجبہ جزئیہ آتا ہے۔جیسے کُلُّ اِنْسَانٍ حَیَوَانٌ کا عکس مستوی بَعْضُ الْحَیَوَانِ اِنْسَانٌ۔
۲۔۔۔۔۔۔ موجبہ جزئیہ کا عکس مستوی موجبہ جزئیہ آتا ہے۔جیسے بَعْضُ الْحَیَوَانِ اِنْسَانٌ کا عکس مستوی بَعْضُ الانْسَانِ حَیَوَانٌ۔
۳۔۔۔۔۔۔ سالبہ کلیہ کا عکس مستوی سالبہ کلیہ۔ جیسے لاَشَی مِنَ الانْسَانِ بِحَجَرٍ
کاعکس مستوی لا شَی مِنَ الْحَجَرِ بِاِنْسَانٍ۔
۴۔۔۔۔۔۔ بعض سالبہ جزئیہ کا عکس مستوی تو آتاہے۔جیسے: بَعْضُ الاَبْیَضِ لیس بِحَیَوَانٍ کا عکس مستوی بَعْضُ الْحَیَوَان لیْسَ بَاَبْیَضَ اور بعض کا نہیں آتاجیسے: بَعْضُ الْحَیَوَانِ لَیْسَ بِاِنْسَانٍ کا عکس مستوی بَعْضُ الاِنْسَانِ لَیْسَ بِحَیَوَان نہیں آسکتا اس لئے مناطقہ سالبہ جزئیہ کے لئے عکس نہیں مانتے۔
نوٹ:
عکس مستوی میں مفہومِ مخالف کا اعتبار نہیں ہوتا ۔جیسا کہ آپ بعض الانسان حیوان میں ملاحظہ کرسکتے ہیں کہ اس قضیہ میں بعض انسان کوحیوان ماننے پربعض انسان کے حیوان ہونے کی نفی کا ارادہ نہیں کیا گیا۔
٭٭٭٭٭
مشق
سوال نمبر1:۔عکس مستوی کی اصطلاحی تعریف بیان کریں۔
سوال نمبر2:۔محصورات اربعہ کا عکس مستوی تحریر کریں۔
سوال نمبر3:۔مندرجہ ذیل قضایا کے عکوس تحریر کریں۔
ہر متکبر ذلیل ہے۔ بعض مسلمان نماز نہیں پڑھتے۔ کوئی انسان پتھر نہیں۔ہر انسان اللہ تعالی کو وحدہ لا شریک مانتا ہے۔ ہر انسان جاندار ہے۔ہر انسان ماشی ہے۔ بعض مسلمان نمازی ہیں۔ ہر جسم قابل للابعاد الثلثہ ہے۔
*۔۔۔۔۔۔*۔۔۔۔۔۔*۔۔۔۔۔۔*