شبِ قدر کے نوافل
حضرتِ سَیِّدُنا اِسْمٰعیل حَقّی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ ”تفسیرِ رُوْحُ البَیان ” میں یہ رِوایَت نَقْل کرتے ہیں ، جو شبِ قَدْر میں اِخلاصِ نِیَّت سے نوافِل پڑھے گا۔اُس کے اگلے پچھلے گُناہ مُعاف ہوجائیں گے۔ (رُوْحُ البَیان ج۱۰ص۴۸۰)
سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہٖ وسلم جب رَمَضانُ المُبارک کے آخِری دس دِن آتے تو عِبادت پر کمرباند ھ لیتے ان میں راتوں کو جاگا کرتے اور اپنے اہل کو جگایا کرتے۔ (سنن ابنِ ماجہ ج۲ص۳۵۷حدیث۱۷۶۸)
حضرتِ سَیِّدُنا اِسْمٰعیل حَقّی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نَقْل کرتے ہیں کہ بُزُرگان دین رَحِمَہُمُ اللہُ المبین اس عَشرے کی ہر رات میں دورکعت نفل شبِ قَدْر کی نیّت سے پڑھا کرتے تھے ۔ نیز بعْض اکابِر سے منقول ہے کہ جو ہررات
آیات اِس نیّت سے پڑھ لے تو اس کی بَرَکت اور ثواب سے محروم نہ ہوگا۔اور فقیہ اَبُوا للَّیث سمر قندی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ فرماتے ہیں، شبِ قَدْر کی کم سے کم نَماز دو رَکْعَت ہے اور زیادہ سے زیادہ ہزار رَکْعَت (نوافِل ) اور درمیانہ دَرَجہ دو سو رَکْعَت ہے،اور ہر رَکْعَت میں اوسط قِرَاءَ تْیہ ہے کہ سورہ فاتِحہ کے بعد ایک مرتبہ سورہ قَدْر اور تین مرتبہ سورہ اِخلاص پڑھے اورہر دورَکْعَت کے بعد سلام پھیرے اور سلام کے بعد سرکارِ مدینہ صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہٖ و سلم پر دُرُودپاک بھیجے اور پھر نَماز کے لئے کھڑا ہوجائے یہاں تک کہ اپنادوسورَکْعَت کایا اس سے کم یا اِس سے زیادہ کاجوارادہ کیا ہو پورا کرے تو ایسا کرنا اِس شَبِ قَدْر کی جَلالتِ قَدْر جو کہ اللہ عَزَّوَجَلَّ نے بیان فرمائی اور جو سرکارِ دوعالم صلی اللہ تعالی علیہ واٰلہٖ و سلم نے اس کے قِیام کی متَعَلِّق ارشاد فرمایا ہے اس کے لئے اسے کِفایت کریگا۔ (رُوْحُ البَیان ج۱۰ص۴۸۳)
میٹھے میٹھے اسلامی بھائیو!یقینا یہ رات مَنبْعِ بَرَکات ہے ۔ چُنانچِہ حُضورِ انور ،شافِعِ مَحشر ،مدینے کے تاجور ،باِذنِ ربِّ اکبر غیبوں سے باخبر محبوبِ داوَر عزوجل و صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے فرمایا: تم پر ایک ایسا مہینہ آیا ہے جس میں ایک رات ایسی ہے جو ہزار مہینوں سے بہتر ہے ۔جو اِس رات سے محروم رہ گیا وہ پُوری
بَھلائی سے مَحروم رہ گیا۔اور شَبِ قَدْر کی بَھلائی سے مَحروم نہیں رہتا مگر اَصلی مَحروم ۔ (مِشکوٰۃ ج۱ص۳۷۲حدیث۱۹۶۴)
ایسی رَحمتوں اور بَرَکتوں والی رات کو گَنوانا بَہُت بڑے مَحروم ہونے کی دلیل ہے۔ لہٰذا سب کو چاہئے کہ شبِ قَدْر کی پُورے رَمَضانُ الْمُبارَک میں تلاش کریں ورنہ کم ازکم ستائیسویں شب کو تَو ضَرور ،عِبادت میں گزاریں۔
اے ہمارے پیارے پیار ے اللہ عَزَّوَجَلَّ اپنے پیارے حبیب صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم کے طُفیل ہم گُنہگاروں کو لَیْلَۃُ الْقَدْر کی بَرَکتوں سے مالا مال کر اور زیادہ سے زیادہ اپنی عبادَت کی توفیق مَرْحَمت فرما۔
ٰامِیْن بِجَاہِ النَّبِیِّ الْاَمِیْن صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ واٰلہٖ وسلَّم
لَیْلَۃُ الْقَدْر میں مَطْلَعِ الْفَجْرِ حق
مانگ کی استِقامت پہ لاکھوں سلام
(حدائقِ بخشِش)