حاجیوں کا استقبال
مبارک آگئے مکہ مدینہ دیکھنے والے
خدا کا گھر رسول حق کاروضہ دیکھنے والے
حریم کعبہ میں مستوں کا میلہ دیکھنے والے
مزارمصطفی پہ حق کا جلوہ دیکھنے والے
جلال کعبہ کا اونچا منارہ دیکھنے والے
جمال گنبد حضراء کاتارا دیکھنے والے
لپٹ کر رونے والے کعبہ جاں کے غلافوں سے
نبی کے درپہ رحمت کابرسنا دیکھنے والے
طواف کعبہ میں ہرہر قدم پر جھومنے والے
بھرے پیالوں میں زمزم کا چھلکنا دیکھنے والے
جمال اقدس روضہ بسا ہے ان کی آنکھوں میں
حقیقت میں ہیں یہ جنت کا نقشہ دیکھنے والے
کمال شوق سے ہم ان کو سوسوباردیکھیں گے
بڑے پیارے ہیں یہ مکہ مدینہ دیکھنے والے
مبارک ہیں مبارک ہیں خداشاہدمبار ک ہیں
یہ مکہ دیکھنے والے مدینہ دیکھنے والے
ملا ہے اعظمی مکہ مدینہ سے شرف ان کو
نگاہ دل سے دیکھیں ان کارتبہ دیکھنے والے