حضرت مولانا مفتی محمد لطف اللہ علی گڑھی (متوفی ۱۳۳۴ھ ؍ ۱۹۱۶ء )
پلکھنہ ضلع علی گڑھ (یو۔ پی۔) میں ۱۲۴۴ھ میں آپ کی ولادت ہوئی، والد کا نام اسد اللہ بن فیض اللہ ہے،
مقامی معلّموں سے ابتدائی درسیات پڑھنے کے بعد مدرسہ فیضِ عام، کان پور میں مفتی عنایت احمد کاکوروی (متوفی ۱۲۷۹ھ ) سے
مروجہ علوم و فنون کی تکمیل کی۔ فراغت کے بعد مدرسہ فیض عام کان پور اور مدرسہ جامعہ مسجد، علی گڑھ میں تدریس کے فرائض انجام دینے کے بعد والیِ ریاست حیدرآباد کی دعوت پر حیدرآباد گئے اور وہاں دارالعلوم کے صدر المدرسین اور پھر مفتیِ عدالت کے عہدے پر تقرر ہوا، مولانا شاہ احمد حسن کان پوری، نواب حبیب الرحمن خاں شروانی وغیرہ آپ کے تلامذہ میں ہیں۔
مروجہ علوم و فنون میں مہارت ہی کی بنا پر کثیر علما نے آپ سے استفادہ کیا اور ’’استاذ العلما‘‘ کے لقب سے مشہور ہوئے۔ کان پور میں قیام کے دوران غیر مقلد عالم اسماعیل علی گڑھی سے تحریری مناظرہ کیا۔(۱)