اَدُھوراکفن

حکایت نمبر427: اَدُھوراکفن

حضرتِ سیِّدُنامحمدبن یوسف فِرْیَابِی علیہ رحمۃ اللہ الہادی سے منقول ہے، ”قَیْسارِیَہ”میں ایک عورت فوت ہوگئی اور اس کی بیٹی نے اسے خواب میں یوں کہتے سنا : ”تم لوگوں نے مجھے بہت تنگ کفن پہنایا تھاجس کی وجہ سے میں اپنے ہمسایوں میں شرم محسوس کرتی ہوں۔سنو!فلاں عورت فلاں دن ہمارے پاس آنے والی ہے۔میں نے فلاں مقام پر چالیس دینار چھپا رکھے ہیں تم کفن خریدکراسے دے دو،وہ ہم تک پہنچا د ے گی۔”اس کی بیٹی کہتی ہے کہ جس جگہ کے متعلق میری والدہ نے خواب میں بتایا تھا وہاں واقعی چالیس (40)د ینار موجود تھے ۔ لیکن جس عورت کے بارے میں بتایاتھاوہ بالکل تندرست تھی ۔پھرچنددن بعد وہ بیمار ہو گئی۔راوی کہتے ہیں کہ اس کی بیٹی کچھ لوگوں کے ساتھ میرے پاس آئی اوراپناخواب بیان کرتے ہوئے کہا:” آپ اس بارے میں کیافرماتے ہیں؟”ان کی باتیں سن کرمجھے اُمّ المؤ منین حضرتِ سیِّدَتُناعائشہ صدیقہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا سے مروی یہ حدیثِ پاک یاد آگئی: ”بے شک مُردے اپنے کفنوں میں ایک دوسرے سے ملاقات کرتے ہیں۔”

(مصنف ابن ابی شیبۃ،کتاب الجنائز،ما قالوا فی تحسین الکفن۔۔۔۔۔۔الخ،الحدیث۳،ج۳،ص۱۵۳،باختلاف الراوی)

میں نے ان سے کہا:”تم بزازین جاؤ، وہاں دومشہورمحدِّث ” ابنِ نَیْشَاپُورِی” اور ”ابوتوبہ” کے نام سے مشہور ہیں وہ تمہارا مسئلہ حل کر دیں گے۔لوگوں نے اس عورت کی لڑکی کووہاں بھیجاتوان محدِّثوں نے اسے ایک کفن خرید کردے دیا ۔پھرجس عورت

کے متعلق اس کی والدہ نے بتایاتھاوہ اس کے پاس پہنچی اور کہا :”محترمہ!میں آپ کو ایک چیزدوں گی اگرآپ کاانتقال ہوجائے تووہ چیز میری والدہ کودے دینا۔”اس نے کہا:”ٹھیک ہے!میں تمہاری امانت پہنچادوں گی ۔”پھرجووقت اوردن مرحومہ نے خواب میں بتایا تھا ٹھیک اسی وقت اس عورت کاا نتقا ل ہو گیا۔لوگوں نے لڑکی کاخریداہواکفن عورت کے کفن میں رکھ د یا۔ چنددن بعداس نے اپنی والدہ کوخواب میں یہ کہتے سنا :”اے میری بیٹی!فلاں عورت ہمارے پاس پہنچ گئی ہے اورکفن بھی مجھے مل چکاہے جو بہت اچھا ہے ۔اللہ تبارَک وتعالیٰ تجھے اس کی بہترین جزا عطا فرمائے۔
(اللہ عزوجل کی اُن پر رحمت ہو..اور.. اُن کے صدقے ہماری مغفرت ہو۔آمین بجاہ النبی الامین صلي اللہ عليہ وسلم)

Exit mobile version