(1)لَآ اِلٰہَ اِلَّااللہُ(اعراب لگانے کی حاجت نہیں البتّہ دونوں جگہ ہ کے دائرے کھلے رکھئے)کسی کاغذ پر 55بار لکھ کر ( یا لکھوا کر) حسبِ ضَرورت تعویذ کی طرح تہ کر کے موم جامہ یا پلاسٹک کوٹنگ کروا کر کپڑے یا ریگزین یا چمڑے میں سی کر حامِلہ گلے میں پہن یا بازو میں باندھ لے۔ اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ حَمْل کی بھی حفاظت ہوگی اور بچّہ بھی بَلاوآفت سے سلامت رہے گا۔اگر 55بار(اوّل آخِرایک بار دُرُود شریف کے ساتھ) پڑھ کر پانی پر دم کر کے رکھ لیں اور پیدا ہوتے ہی بچّہ کے منہ پر لگا دیں تو
اِن شاءَ اللہ بچّہ ذِہین ہوگا اور بچّوں کو ہونے والی بیماریوں سے بھی محفوظ رہے گا۔ اگر یہی پڑھ کر زَیت (یعنی زیتون شریف کے تیل) پردم کر کے بچّے کے جسم پر نرمی کے ساتھ مَل دیا جائے تو بے حدمُفید ہے۔اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ کیڑے مکوڑے اور دیگر مُوذی جانور بچّے سے دُور رہیں گے۔ اِس طرح کاپڑھا ہوا زَیت بڑوں کے جِسمانی دردوں میں مالِش کیلئے بھی نہایت کارآمد ہے(فیضانِ سنَّت جلد اول ص۹۹۵)(2)لَآ اِلٰہَ اِلَّااللہُ(بغیر اعراب مگر دونوں جگہ ہ کے دائرے کھلے ہوں) کسی رکابی(یا کاغذ )پر 11بارلکھ کر دھو کر عورت کو پِلا دیجئے ۔ اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ حَمْل کی حفاظت ہو گی۔ جس عورت کو دودھ نہ آتا ہو یا کم آتا ہواِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ اُس کیلئے بھی یہ عمل مفید ہے۔ چاہیں تو ایک ہی دن پِلائیں یا کئی روز تک روزانہ ہی لکھ کر پِلائیں ہر طرح سے اختیار ہے(3)یا حَیُّ یا قَیُّومُ 111بار کسی کاغذ پرلکھ کر حامِلہ کے پیٹ پر باندھ دیجئے اور وِلادت کے وَقت تک باندھے رہئے ( ضَرورتاً کچھ دیر کیلئے کھولنے میں حرج نہیں) اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَل حَمْل بھی محفوظ رہے گا اوربچّہ بھی صحّت مند پیدا ہو گا۔(فیضانِ سنَّت جلد اول ص۱۲۹۶)(4) حفاظتِ حَمْل کیلئے شروعِ حَمل سے لیکر بچّہ کا دودھ چُھڑانے تک روزانہ ایک بار سورۂ وَالشَّمْس (پ ۳۰)پڑھے(5) حَمل ضائع ہونے کے خطرے کی صورت میں روزانہ بعد نمازِفجر شوہر حاملہ زوجہ کے پیٹ پر شہادت کی انگلی رکھ کر دس بار دائرہ بنائے اور ہر بار انگلی گھماتے ہوئے یا مُبْتَدِئُ پڑھے (6)یا رَقِیْبُ سات بار روزانہ پانچوں نَمازوں کے بعد اپنے پیٹ پر ہاتھ رکھ کر حامِلہ پڑھے اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ بچّہ ضائِع نہ ہو گا(7)جس عورت کا حَمْل گِر جاتا ہو اُسے چاہئے کہ آغاز سے لیکر آخِری دن تک روزانہ صبح خُشک دَھنیہ 21 دانے اور شام کو کالا زیرہ دوچٹکیاں ٹھنڈے پانی کے ساتھ نگل لیا کرے ۔اِن شاءَ اللہ عَزَّوَجَلَّ مقرَّرہ وقْت پرتندُرست بچّے کی وِلادت ہو جائے گی۔