(۱)مردوں کو زندہ کرنا
یہ وہ کرامت ہے کہ بہت سے اولیائے کرام سے اس کا صدور ہوچکا ہے
چنانچہ روایات صحیحہ سے ثابت ہے کہ ابوعبید بسری جو اپنے دور کے مشاہیر اولیاء میں سے ہیں ایک مرتبہ جہاد میں تشریف لے گئے۔ جب انہوں نے وطن کی طرف واپسی کا ارادہ فرمایا تو ناگہاں ان کا گھوڑا مرگیا، مگر ان کی دعا سے اچانک ان کا مراہوا گھوڑا زندہ ہوکر کھڑا ہوگیا اوروہ اس پر سوار ہوکر اپنے وطن ”بسر”پہنچ گئے اورخادم کو حکم دیا کہ اس کی زین اورلگام اتارلے ۔ خادم نے جوں ہی زین اورلگام کو گھوڑے سے جدا کیا فوراً ہی گھوڑا مرکرگرپڑا۔ (1)
اسی طرح حضرت شیخ مفرج جو علاقہ مصر میں ”صعید”کے باشندہ تھے ، ان کے دسترخوان پر ایک پرندہ کا بچہ بھنا ہوا رکھا گیا تو آپ نے فرمایا کہ ”توخدا تعالیٰ کے حکم سے اڑکر چلا جا۔”ان الفاظ کا ان کی زبان سے نکلنا تھا کہ ایک لمحہ میں وہ پرندہ کا بچہ زندہ ہوگیا اوراڑ کرچلا گیا۔(2)
اسی طرح حضر ت شیخ اہدل رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے اپنی مری ہوئی بلی کو پکاراتو وہ دوڑتی ہوئی شیخ کے سامنے حاضر ہوگئی ۔(3)
اسی طرح حضرت غوث اعظم شیخ عبدالقادر جیلانی رحمۃاللہ تعالیٰ علیہ نے دستر خوان پر پکی ہوئی مرغی کو تناول فرما کر اس کی ہڈیوں کو جمع فرمایا اوریہ ارشاد فرمایا کہ اے مرغی!
تو اس اللہ تعالیٰ کے حکم سے زندہ ہوکر کھڑی ہوجا جو سڑی گلی ہڈیوں کو زندہ فرمائے گا ۔ زبان مبارک سے ان الفاظ کے نکلتے ہی مرغی زندہ ہوکر چلنے پھرنے لگی۔(1)
اسی طرح حضرت شیخ زین الدین شافعی مدرس مدرسہ شامیہ نے اس بچے کو جو مدرسہ کی چھت سے گر کر مرگیا تھا ،زندہ کردیا۔(2)(حجۃ اللہ ج۲،ص۸۵۶)
اسی طرح عام طور پر یہ مشہور ہے کہ بغداد شریف میں چار بزرگ ایسے ہوئے جو مادرزاد اندھوں اورکوڑھیوں کو خداتعالیٰ کے حکم سے شفادیتے تھے اوراپنی دعاؤں سے مردوں کوزندہ کردیتے تھے ۔ شیخ ابو سعد قیلوی وشیخ بقا بن بطووشیخ علی بن ابی نصر ہیتی وشیخ عبدالقادرجیلانی ۔رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہم(3)(بہجۃ الاسرارشریف)
1۔۔۔۔۔۔حجۃ اللہ علی العالمین ، الخاتمۃ فی اثبات کرامات الاولیاء …الخ ، المطلب الثانی
فی انواع الکرامات ، ص۶۰۸
2۔۔۔۔۔۔حجۃ اللہ علی العالمین ، الخاتمۃ فی اثبات کرامات الاولیاء …الخ ، المطلب الثانی
فی انواع الکرامات ، ص۶۰۸ ملخصاً
3۔۔۔۔۔۔حجۃ اللہ علی العالمین ، الخاتمۃ فی اثبات کرامات الاولیاء …الخ ،المطلب الثانی
فی انواع الکرامات ، ص۶۰۸ملخصاً
1۔۔۔۔۔۔حجۃ اللہ علی العالمین، الخاتمۃ فی اثبات کرامات الاولیاء…الخ،المطلب الثانی
فی انواع الکرامات،ص۶۰۹ملخصاً
2۔۔۔۔۔۔حجۃ اللہ علی العالمین، الخاتمۃ فی اثبات کرامات الاولیاء…الخ،المطلب الثانی
فی انواع الکرامات،ص۶۰۹ملخصاً
3۔۔۔۔۔۔بہجۃ الاسرار،ذکر فصول من کلامہ مرصعاًبشیئ…الخ،ص۱۲۴