فرشتوں نے چکی چلائی

فرشتوں نے چکی چلائی

حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ تعالیٰ عنہ کا بیان ہے کہ حضوراقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے مجھے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ کو بلانے کے لیے ان کے مکان پر بھیجا تو میں نے وہاں یہ دیکھا کہ ان کے گھر میں چکی بغیر کسی چلانے والے کے خود بخود چل رہی ہے۔ جب میں نے بارگاہ رسالت میں اس عجیب کرامت کا تذکرہ کیا تو حضور اقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم نے ارشاد فرمایا کہ اے ابو ذر!رضی اللہ تعالیٰ عنہ اللہ تعالیٰ کے کچھ فرشتے ایسے بھی ہیں جو زمین میں سیر کرتے رہتے ہیں، اللہ تعالیٰ نے ان فرشتوں کی یہ بھی ڈیوٹی فرما دی

ہے کہ وہ میری آل کی امدادواعانت کرتے رہیں۔(1)(ازالۃ الخفاء ، مقصد۲،ص۲۷۳)

تبصرہ

اس روایت سے یہ سبق ملتاہے کہ حضور اکرم صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی آل پاک کو بارگاہ خداوندی میں اس قدر قرب اورمقبولیت حاصل ہے کہ اللہ تعالیٰ نے کچھ فرشتوں کو ان کی امدادونصرت اورحاجت برآری کے لئے خاص طورپر مقررفرمادیا ہے۔ یہ شرف حضرات اہل بیت کو حضوراقدس صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی نسبت خاصہ کی و جہ سے حاصل ہوا ہے۔ سبحان اللہ! سلطان مدینہ صلی اللہ تعالیٰ علیہ والہ وسلم کی عزت و عظمت اوران کے وقارواقتدارکا کیا کہنا ؟کہ آپ کے گھر والوں کی چکی فرشتے چلا یا کرتے تھے ۔

Exit mobile version