صَلٰوۃُ الْجُمْعَۃ : نمازِ جمعہ
(1): نمازِ جمعہ کا وقت اور حکم
نمازِ جمعہ کا وقت بعینہ ظہر کا وقت ہی ہے ،پس جب مؤذن جمعہ کے دن جمعہ کی نماز کیلئے اَذان کہہ دے تو ہر مکلف مسلمان پرفرض ہے کہ وہ اپنے تمام کام کاج یہاں تک کہ خرید وفروخت کو چھوڑ کر خطبۂ جمعہ سننے اور نماز ِجمعہ اداکرنے کی طرف متوجہ ہواور نمازِ جمعہ کا حکم یہ ہے کہ نمازِ جمعہ کیلئے دو رکعات فرضِ عین ہیں ۔
(2): نمازِ جمعہ کی سنتیں
نمازِ جمعہ کیلئے چار رکعات سنت فرض سے پہلے اور چار رکعات فرض کے بعد پڑھنا سنتِ مؤکدہ ہے کیونکہ ترمذی شریف میں حدیث ہے ۔
حضرت عبداللہ بن مسعود ص فرماتے ہیں کہ رسول اللہا 4رکعات جمعہ سے پہلے اور 4رکعات جمعہ کے بعد پڑھا کرتے تھے ۔
اور پھر 4رکعات کے بعد2رکعتیں پڑھنا سنت غیر مؤکدہ ہیں ۔
(3): نمازِ جمعہ کے واجب ہونے کی شرائط
(۱): آزاد ہونا ،پس غلام پر جمعہ واجب نہیں ۔
(۲): تندرست ہونا کیونکہ مریض پر بھی جمعہ لازم نہیں ۔
(۳): بینائی والا ہونا کیونکہ اندھے شخص پر بھی جمعہ لازم نہیں ۔
(۴): پاؤں سلامت ہونا کیونکہ لنگڑے پر بھی جمعہ لازم نہیں۔
(۵): شہر میں مقیم ہونا کیونکہ مسافر پر بھی جمعہ لازم نہیں ۔
(۶): مرد ہونا کیونکہ عورت پر جمعہ لازم نہیں ،اَلبتہ اگر عورتیں جمعہ کیلئے اِمام کے پیچھے
پڑھیں تو اُن کی طرف سے ادا ہو جائے گا ۔
(۷): بالغ ہونا ،کیونکہ نابالغ بچے پر جمعہ لازم نہیں ،اَلبتہ سمجھدار بچوں کو عادت ڈالنے کیلئے مسجد میں لانے میں کوئی حرج نہیں ۔
مسئلہ : مذکورہ اَفراد میں سے جن پر بھی جمعہ فرض نہیں ،پس اگر اِن میں سے کوئی پڑھ لے تو یہ درست ہوگا اور یہ اِن کی طرف سے ظہر کی ادائیگی ہو جائے گی ۔
(4): نمازِ جمعہ کی شرائط
(۱): جمعہ کا وقت شروع ہوجائے اور یہ بعینہ ظہر کا وقت ہے ۔
(۲): خطبہ ہونا اور یہ نماز سے پہلے ہوگا اور دو خطبے ہوں گے اور خطبہ میں شرط یہ ہے کہ اُس میں خالص اَللہ کاذکر یعنی تسبیح وتحمید بیان کی جائے ،اِسی طرح خطیب کیلئے سنت ہے کہ خطبہ میں قرآنی آیات اور اَحادیث پڑھے جن میں لوگوں کو تقوی کی وصیت بھی کرے ۔
(۳): جماعت کے ساتھ جمعہ کی ادائیگی کرنا ،کیونکہ جمعہ اکیلے کا نہیں ہوتا ،اَلبتہ جماعت میں کم از کم تین اَفراد بھی ہوں تو جمعہ درست ہے ۔
(۴): سلام سے قبل کوئی شخص اِمام کے ساتھ شامل ہو گیا تو اسے جمعہ کا ثواب مل جائے گا ۔
(۵): تمام لوگوں کو جمعہ کیلئے عام اِجازت ہو ،پس اگر بعض لوگوں کو اِجازت دی گئی اور بعض کو روکا گیا تو جمعہ درست نہیں ۔
(5): جمعہ کے دن کی سنتیں
(۱): غسل کرنا ۔
(۲): خوشبولگا نا ۔
(۳): اچھے کپڑے پہننا ۔
(۴): سورۂ کہف کو پڑھنا ۔
(۵): رَسولِ پاک اپر کثرت سے دُرود وبھیجنا ۔
(۶): جمعہ کیلئے جلدی مسجد میں جانا ۔
(۷): دُعا مانگنا کیونکہ جمعہ کے دن ایک ساعت ایسی ہے جس میں ہر دُعا قبول ہوتی ہے ۔
(6): جمعہ کے وقت مکروہِ تحریمی والے اَعمال
(۱): مسجد میں لوگوں کی گردنیں پھلانگنا ۔
(۲): امام کے خطبہ کے دوران گفتگو کرنا ۔
(۳): خطبہ کے دوران سنتیں پڑھنا ۔