دنیا کا بہترین سامان نیک بی بی ہے
حضورِ پاک، صاحبِ لَولاک، سیّاحِ افلاک صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے
ارشاد فرمایا : خَیْرُ مَتَاعِ الدُّنْیَا اَ لْمَرْأَۃُ الصَّالِحَۃُیعنی : دنیا کا بہترین سامان نیک بی بی ہے ۔(مسلم، کتاب الرضاع، باب خیر متاع الدنیا المراۃ الصالحۃ، ص۷۷۴ ، حدیث : ۱۴۶۷)
نیک بیوی مرد کونیک بنادیتی ہے
مُفَسِّرِشَہِیر، حکیمُ الْاُمَّت، حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان اِس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں : کیونکہ نیک بیوی مرد کو نیک بنادیتی ہے وہ اُخروی نعمتوں سے ہے ۔حضرت ِعلی (رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ)نے رَبَّنَاۤ اٰتِنَا فِی الدُّنْیَا حَسَنَۃًکی تفسیر میں فرمایا کہ خدایا ہم کو دنیا میں نیک بیوی دے آخرت میں اعلیٰ حور عطا فرما اور آگ یعنی خراب بیوی کے عذاب سے بچا۔(مرقاۃ المفاتیح، کتاب النکاح، ۶/ ۲۶۵تحت الحدیث: ۳۰۸۳) جیسے اچھی بیوی خدا کی رحمت ہے ایسی ہی بری بیوی خدا کا عذاب ۔(مراٰۃ المناجیح، ۵/ ۴)
مال جمع کرنے سے بہتر ہے
رسولِ نذیر ، سِراجِ مُنیر، محبوبِ ربِّ قدیرصلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم نے حضرتِ سیِّدُنا عمر رضی اللّٰہ تعالٰی عنہ سے فرمایا کہ کیا میں تمہیں وہ بہترین چیز نہ بتاؤں جو آدمی جمع کرے وہ اچھی بیوی ہے کہ جب اسے دیکھے تو پسند آئے اور جب اسے حکم دے تو وہ فرماں برداری کرے اور جب مرد غائب ہو تو اس کی حفاظت کرے ۔(ابوداؤد، کتاب الزکوۃ، باب فی حقوق المال، ۲/ ۱۷۶، حدیث:۱۶۶۴)