تم میں سے بہتروہ ہے جو نمازمیں نرم کندھے والا ہو
رسولِ بے مثال، بی بی آمِنہ کے لال صلَّی اللّٰہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم کا فرمان ِباقرینہ ہے : خِیَارُکُمْ اَ لْیَنُکُمْ مَنَاکِبَ فِی الصَّلاَۃِ یعنی : تم میں سے بہتر وہ ہے جو نماز میں نرم کندھے والا ہو۔(ابوداؤد، کتاب الصلوۃ، باب تسویۃ الصفوف، ۱/ ۲۶۷ حدیث:۶۷۲)
مُفَسِّرِشَہِیرحکیمُ الْاُمَّت حضر ت ِ مفتی احمد یار خان علیہ رحمۃُ الحنّان اِس حدیثِ پاک کے تحت فرماتے ہیں : اگر کوئی شخص ضرورۃً ایک نمازی کو آگے پیچھے ہٹائے تو بے تامُّل ہٹ جائے یا اگر کوئی اسے نماز میں سیدھا کرے تو سیدھا ہوجائے یا اگر کوئی صف کی کشادگی بند کرنے کے لئے درمیان میں آکر کھڑا ہونا چاہے تو یہ کھڑا ہوجانے دے ، بعض شارِحین نے فرمایا کہ نرم کندھے سے عجز و انکسار، خشوع و خضوع
مراد ہے مگر پہلے معانی زیادہ قَوِی ہیں ۔(مراٰ ۃ المناجیح ، ۲/ ۱۸۷)