یاجوج وماجوج

یاجوج وماجوج

اس کے بعد لوگ امن وامان کی زندگی بسر کر تے ہوں گے کہ اللّٰہ تعالٰی حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام کی طرف وحی بھیجے گا کہ میں ایسے بند ے نکالنے والاہوں کہ کسی میں ان کے ساتھ لڑنے کی طاقت وقدرت نہیں ہے۔تم میرے خالص بندوں کو کوہِ طور کی طرف لے جاؤ۔ آپ عَلَیْہِ السَّلام قلعۂ طور میں پناہ گزیں ہو کر سامانِ حرب ورَسد کے مہیا کرنے میں

مشغول ہوں گے۔اس وقت یا جوج و ماجوج نکل پڑیں گے۔ یہ لوگ یافِث بن نوح کی اولاد سے ہیں ان کا مُلک قطب شمالی کی طرف ہفت اِقلیم (۱ ) سے باہر بتا یا جاتا ہے۔اس کے جانب ِشمال سَمُنْدَر ہے جو سال بھر منجمد رہتا ہے۔ مشرق و مغرب میں دیوار وں کی مثل دو پہاڑ ہیں ان کے درمیان کی ایک گھاٹی سے نکل کر وہ اس طرف کے لوگوں کو لوٹ لیا کرتے تھے۔ سکندر ذوالقرنین نے ان کو ایک آ ہنی دیوار کے ذریعہ سے بند کر دیا تھا جس کی بلند ی ان دونوں پہاڑوں کی چوٹی تک پہنچتی ہے اور موٹا ئی ساٹھ گز ہے۔ وہ دن بھر اس دیوار کے تو ڑ نے میں لگے رہتے ہیں مگر رات کو قدرت الٰہی سے وہ دیوار ویسی ہی ہو جاتی ہے۔ جب ان کے نکلنے کا وقت آئے گا تو وہ دیوار ٹوٹ جائے گی اور یہ لوگ ٹڈی دَل کی طرح ہر طرف پھیل جائیں گے اور بے دریغ قتل وغارت کریں گے۔ ان کی کثرت کا یہ حال ہے کہ جب ان کی پہلی جماعت بحیرۂ طبر یہ میں (جو دس میل لمبا ہے ) پہنچے گی تو اس کا تمام پانی پی جائے گی اوراس طرح سکھادے گی کہ دوسری جماعت بعد والی جب آئے گی تو دیکھ کر کہے گی کہ یہاں کبھی پانی تھا؟ پھر وہ قتل وغارت کر تے ہوئے قدس کے پہاڑ خمر میں پہنچیں گے تو کہیں گے کہ ہم نے زمین والوں کا تو صفایا کر دیاچلو آسمان والوں کو بھی مار ڈالیں پھر وہ آسمان کی طرف تیر پھینکیں گے جن کو اللّٰہ تعالٰی خون آلود کر کے لوٹا دے گا۔وہ دیکھ کر خوش ہو ں گے کہ اب تو ہمارے سوا کوئی نہیں رہا۔ محصورین ( حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام اور آپ کے اصحاب ) میں قحط کا یہ عالم ہو گا کہ گائے کا کلہ سو سو دینا ر سے بھی زیادہ قیمتی ہو گا۔ پس محصور ین دعا کریں گے۔ اس پر اللّٰہ تعالٰی ان میں مرضِ نغف بھیجے گا۔ یہ ایک دانہ ہو تا ہے جو اونٹ اور بھیڑ بکری کی گردنوں میں نکلتا ہے اور طاعون کی طرح ہلاک کر دیتا ہے۔ اس مرض میں یا جوج وماجوج یکبارگی ہلاک ہو جائیں گے۔ پھر حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام اور آپ کے اصحاب میدان کی طرف آئیں گے اور زمین میں ایک بالشت بھر جگہ ایسی نہ پائیں گے جوان کی چربی وگند گی سے پُر نہ ہو۔ پھر آپ مع اصحاب دست بد عاہوں گے تو اللّٰہ تعالٰی ایسے پر ند ے بھیجے گا جن کی گر دنیں شتر ان بختی کی مانند ( ) ہوں گی۔ وہ پر ندے ان کی لا شوں کو وہاں پھینک دیں گے جہاں اللّٰہ تعالٰی چاہے۔ پھر اللّٰہ تعالٰی ایک عالمگیر بارش بھیجے گا جس سے زمین بالکل صاف ہو جائے گی۔اس بارش کی برکت سے زمین کی پیداوار میں بڑی ترقی ہو گی یہاں تک کہ ایک انار ایک جماعت کے لئے کافی ہو گا۔حیوانات کا دود ھ اس کثرت سے
ہوگا کہ ایک اونٹنی کا دودھ ایک قبیلہ کے لئے کافی ہوگا اور ایک بکری کا دودھ ایک کنبہ (۱ ) کے لئے کافی ہوگا۔ قومِ یا جوج وماجوج کی کمانیں ، ترکش اور تیر مومنوں کے لئے سات سال ایندھن کا کام دیں گے۔ حضرت عیسیٰ عَلٰی نَبِیِّنَا وَعَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلام دنیا میں چالیس سال رہیں گے، آپ کا نکاح ہو گا اور اولا د پیدا ہوگی، پھرآپ انتقال فرمائیں گے اور حضور اکرم صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ وَاٰلِہٖ وَسَلَّمکے روضہ مطہرہ میں دفن ہوں گے۔
حضرت عیسیٰ عَلَیْہِ السَّلام کے بعد قبیلہ قحطان میں سے ایک شخص جہجاہ نام یمن کے رہنے والے آپ کے خلیفہ ہوں گے اورامور خلافت کو عدل وانصاف کے ساتھ سر انجام دیں گے۔ ( ۲) جہجاہ کے بعد چند اَور بادشاہ ہوں گے جن کے عہد میں رسوم کفر وجہل شائع ہو جائیں گی اور علم کم ہو جائے گا۔اسی اَثنا میں ایک مکان مشرق میں اورایک مغرب میں زمین میں دھنس جائے گاجن میں منکرین تقد یر ہلاک ہو جائیں گے۔

________________________________
1 – سات مملکتیں :عرب، ایران، توران، چین، ہند، مصر، یونان یا پھر تما م ممالک۔
2 – دو کوہانوں والے بڑے اُونٹوں کی گردن کی طرح۔

________________________________
1 – خاندان۔
2 – سنن الترمذی،کتاب الفتن،باب ماجاء فی فتنۃ الدجال، الحدیث :۲۲۴۸،ج۴،ص۱۰۴۔۱۰۵ مرقاۃ المفاتیح، کتاب الفتن، باب العلامات بین یدی الساعۃ ، تحت الحدیث :۵۴۷۵،ج۹،ص ۳۸۸ فتح الباری شرح صحیح البخاری،کتاب الفتن،باب یاجوج ماجوج،تحت الحدیث:۷۱۳۶،ج۱۴،ص۹۱۔۹۲ صحیح مسلم ،کتاب الفتن واشراط الساعۃ، باب لاتقوم الساعۃ۔۔۔الخ،الحدیث :۶۰۔(۲۹۱۰۰)،۶۱۔(۲۹۱۱) ، ص ۱۵۵۶ التذکرۃ فی احوال الموتی وامور الاٰخرۃ (مترجم)حضرت عیسی علیہ الصلوۃ والسلام کے زمین پر قیام کرنے کی مدت ۔۔۔الخ، ج۲،ص ۶۱۶۔علمیہ

Exit mobile version