صَلٰوۃُ الْمُسَافِر : نماز مسافر
(1): قصر کون کونسی نماز وں میں ہوگی ؟
چار رکعات والے فرائض یعنی ظہر ،عصر اور عشاء میں دو رکعت فرض قصر پڑھنا واجب ہے جبکہ فجر ومغرب ووتر پوری رکعات کے ساتھ پڑھیں گے ۔
اور سنتیں اور نوافل قصروالی نمازوں میں پوری پڑھیں گے ۔
(2): نمازِ قصر کا حکم
قصر کرنا واجب ہے ،جس نے جان بوجھ کر چار پڑھیں تو ایسا شخص گناہ گار ہوگا لیکن نماز ہو جائے گی ۔
(3): مسافتِ قصر ـ
جو شخص پندرہ دن سے کم کی نیت سے کم از کم تقریباً96کلومیٹر کا سفر کرے تو وہ شرعًا
مسافر ہے ،ایسے شخص پر شہر سے باہر نکلتے ہی قصر پڑھنا ضروری ہو جائے گا، اگرچہ اُس کے سفر میں کوئی مشقت نہ ہو کیونکہ نمازِ قصر مشقت کی وجہ سے جائز نہیں کی گئی ،بلکہ مطلقًا سفر کیلئے لازم قرار دی گئی ہے ۔
(4): نمازِ قصر کی اِبتداء اور اِنتہاء
نمازِ قصر کا آغاز اپنی رہائش گاہ کو چھوڑ کر شہر سے باہر نکلنے سے ہی ہو گا اور اِنتہاء اُس
وقت ہو گی جب اُس نے پندرہ دن یا زائدرہنے کی نیت کر لی یا وہ اپنے شہر میںواپس پہنچ گیا ۔
مسئلہ : اگر مسافر مقیم ہو گیا تو حالتِ سفر میں قضاء ہوجانے والی نمازیں مقیم ہو کر قصر ہی پڑھے گا ۔
مسئلہ : اگر مقیم مسافر ہو گیا تو حالتِ اِقامت میں قضاء ہوجانے والی نمازیں سفرمیں مکمل ہی پڑھے گا۔