زہر پلانے والا غلام آزاد:
حضرت سیِّدُنا مجاہد علیہ رحمۃاللہ الواحد فرماتے ہیں: ”حضرت سیِّدُنا عمر بن عبدالعزیز رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اپنے مرض الموت میں مجھ سے دریافت فرمایا: ”لوگ میرے متعلق کیا کہتے ہیں؟”میں نے عرض کی: ”لوگ کہتے ہیں کہ آپ پر جادو کیا گیا ہے۔” تو ارشاد فرمایا:”مجھ پر کوئی جادو نہیں کیا گیا،ہاں! مجھے زہر پلایا گیاہے۔”پھر غلام کو بُلوایااور استفسار فرمایا: ”تو نے مجھے زہر کیوں دیا تھا؟” وہ کہنے لگا:”مجھے ایک ہزار دینار دئیے گئے اور آزادی کا بھی وعدہ کیاگیا۔”آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے فرمایا:”وہ ہزار دینار لاؤ۔” پس وہ رقم لے آیا تو آپ رضی اللہ تعالیٰ عنہ نے اسے بیت المال میں جمع کروا دیااور غلام سے فرمایا: ”جہاں جی چاہے چلے جاؤ، آج سے تم آزاد ہو۔”
(سیر اعلام النبلاء،الرقم۶۶۲عمر بن عبد العزیز،ج۵،ص۵۹۵۔بتغیرٍ)