انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کے پیشے

انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام کے پیشے

کسبِ حلال نہ صرف ایک باعثِ فضیلت عمل ہے بلکہ کئی انبیائے کرام عَلَیْہِمُ
السَّلَام کے علاوہ نبیوں کے سُلطان رحمتِ عالمیان صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم کی بھی پیاری پیاری سنت ہےلہٰذا اسے سنت سمجھ کر اختیار کرنا چاہئے۔انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام نے کسب کے لئے مختلف پیشے اپنائے۔چنانچہ حضرت آدم عَلَیْہِ السَّلَام اولاً کپڑا سازی کا کام کِیا کرتے تھے پھرکھیتی باڑی کرنے لگے۔حضرت نُوح عَلَیْہِ السَّلَام لکڑی کا پیشہ،حضرت اِدْرِیْس عَلَیْہِ السَّلَام درزی گری، حضرت ہُود و صالح عَلَیْہِمَاالسَّلَام تجارت،حضرت اِبراہیم و لُوط عَلَیْہِمَا السَّلَام کھیتی باڑی اور حضرت شُعَیْب عَلَیْہِ السَّلَام جانور پالتے تھے۔اسی طرح حضرت مُوسیٰ کَلِیۡمُ اللہ عَلٰی نَبِیِّنَا وَ عَلَیْہِ الصَّلٰوۃُ وَالسَّلَام بکریاں چراتے،حضرت داؤد عَلَیْہِ السَّلَام زِرَہ(جنگ میں استعمال ہونےوالا فولاد کا جالی دار کرتا) بناتے،حضرت سلیمانعَلَیْہِ السَّلَام پوری دنیا کے بادشاہ ہونے کے باوجود پنکھے اور زنبیلیں بنایا کرتے تھےاورہمارے پیارےآقا سیِّدُ الانبیاء احمدِ مُجتبیٰ صَلَّی اللّٰہُ تَعَالٰی عَلَیْہِ واٰلہٖ وسلَّم نے تجارت کواپنی ذات ِ بابرکت سے شرف بخشاہے۔(1)
بیان کردہ تفصیل سے معلوم ہوا کہ رزقِ حلال کے حصول کیلئے انبیائےکرام عَلَیْہِمُ السَّلَام نے بھی صنعت و تجارت کو اختیار کیا،اس بات میں تو کسی شک و شبہے کی گُنجائش نہیں کہ انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام ہر قسم کی برائیوں اور گناہوں سے پاک ہوتے ہیں ،اگر کسب و تجارت میں برائیوں کا اِرْتکاب ضروری ہوتا یا اس میں بذاتِ خود کوئی خرابی ہوتی تو انبیائے کرام عَلَیْہِمُ السَّلَام ہرگز ہرگز اسے اختیارنہ فرماتے ،
حقیقت یہ ہے کہ خرابیاں اور بدعنوانیاں کاروبار میں نہیں بلکہ خود ہمارے کردار میں موجود ہیں جن کے سدِّباب (روک تھام)کے لئے شریعتِ مطہرہ نے جائز و ناجائز اور حلال وحرام کے پیمانے مقرر کردیئے تاکہ کوئی مُسلمان ظلم کا شکار نہ ہو اور نہ ہی کسی کی حق تلفی ہو لہٰذا جو لوگ ان احکامات پر عمل پیرا ہوئے وہ دنیا و آخرت میں کامیاب ہوئے ، اور جنہوں نے ان احکامات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے حرام و حلال کی تمیز نہ کی اور خواہشِ نفس پر چلے وہ دنیا و آخرت میں خائب و خاسر (ناکام)ہوئے۔ آیئے حدیث پاک کی روشنی میں اس بات کا جائزہ لیتے ہیں کہ اسلام کی نظر میں تجارت کے کیا ضابطے ہیں اورایک تاجر کو کیسا ہونا چاہئے۔

Exit mobile version